پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت مہنگائی و بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف قائد آباد میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں کارکنوں، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھاری ٹیکسز سے بھرپور بجلی بل کسی صورت قبول نہیں۔ حکمرانوں نے اپنی سہولیات کے لیے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ چھوٹے کاروبار ہیں،چولہا نہیں جلتا، بل کیسے اداکریں۔
یہ بھی پڑھیں:
عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے، نگران وزیر خزانہ نے ہاتھ کھڑے کر دیے
مظاہرے سے دینی، سیاسی، سماجی و تاجر تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت و خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان، رہنما انجنئیر نعمان، افتخار، ارسلان، مبشر شاہد، اویس، عثمان ودیگرذمہ داران نےبھی خطاب کیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہو ئےمقررین کا کہنا تھا کہ پورا ملک بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف متحد ہوچکا ہے۔ عوام بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، غریب اور متوسط طبقہ فاقہ کشی اور خودکشیاں کرنے پر مجبور ہورہا ہے۔
نگراں حکومت کہتی ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ جولائی کے مہینے میں کیا گیا اور ہماری حکومت اگست میں آئی ہے اس لیے ہم کچھ نہیں کرسکتے۔وزیراعظم کا اس قدر بچگانہ بیان قابل افسوس ہے۔
حکمران طبقے نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ حکمران قوم پر بجلی گرانا بند کریں۔ مہنگائی کے مارے عوام مہینے بھر کی کمائی بھی بجلی کے بلوں کی مد میں لوٹا دیتے ہیں۔ عوام بچوں کو روٹی کھلائیں یا بجلی کا بل ادا کریں۔
حکمرانوں کومہنگائی کے بوجھ تلے سسکتے پاکستانی عوام کوبجلی کے بل کی مارمارنا بند کرنا ہوگا۔ ان کامزید کہنا تھا کہ چند خاندان ملکی وسائل پر قابض ہیں۔حکمران طبقہ خود پر ٹیکس نہیں لگانےدیتا۔ انہوں نے پاکستان کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
مرکزی مسلم لیگ پاکستان اور اس کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ظالموں کے خلاف دیوار بن کر کھڑی ہوگی۔