اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے آئین پر عملدرآمد کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے جبکہ قوم میں بے چینی پائی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی پی پی رہنماؤں بشمول شیری رحمان، نیر بخاری، سیّد نوید قمر اور دیگر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ نیر بخاری نے کہا کہ ہماری جماعت چاہتی ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے۔
عمران خان کی دورانِ حراست گرفتاری درست ہے۔سرفراز بگٹی
قائدِ عوام کا ذکر کرتے ہوئے نیر بخاری نے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو نے ملک کو آئین دیا، آئین وفاقیت کی ضمانت ہے جس میں انتخابات کے حوالے سے شقیں موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن کو آئین کی ان شقوں پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔
سیکریٹری جنرل پی پی پی نیر بخاری نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 224اسمبلی کی تحلیل کے بعد ایک وقت کا تعین کرتا ہے جس میں انتخابات کا انعقاد ہونا چاہئے۔ پی پی پی کی خواہش ہے کہ انتخابات کی تاریخ اور شیڈول دیا جائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ کمیشن نے پی پی پی وفد کے ساتھ مشاورتی اجلاس کیا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کی۔ اراکینِ الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔