کراچی: کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر (کے وی ٹی سی) میں ”کیفے خودی“ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا اس موقع پر ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان (SLIC) کی جانب سے خصوصی طور پر چلائے جانے والے پاکستان کے پہلے کیفے کی تعمیر کے لیے بھرپور تعاون کیا گیا، اس ضمن میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے خطیر رقم عطیہ کے گئی۔
کے وی ٹی سی میں بنائے جانے والا کیفے اپنی نوعیت کا واحد پراجیکٹ ہوگا۔جس کو مختلف طور پر قابل(ڈفرینٹلی ایبلڈ) تربیت یافتہ افراد چلائیں گے۔ اس سلسلے میں کے وی ٹی سی میں منعقدہ ایک تقریب میں کے وی ٹی سی اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کے اشتراک سے شروع ہونے والے اس منفرد پراجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اسٹیٹ لائف انشورنس کے چیئرمین جناب شعیب جاوید حسین تھے۔ سی ای او کے وی ٹی سی سینیٹر عبدالحسیب خان اور جناب شعیب جاوید حسین نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ بعد ازاں چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس نے سینیٹر عبدالحسیب خان کو عطیہ کردہ رقم کا چیک پیش کیا۔
پیپل آف اسٹیٹ لائف کے تعاون سے بننے والا کیفے خودی ڈفرینٹلی ایبلڈ افراد کے لئے ایک قابل ذکر جگہ کے طور پر کام کرے گا، جہاں اسپیشل نیڈز(ضروریات) کے حامل افراد کے وی ٹی سی میں سیکھے جانے والے ہنر کا عملی زندگی میں تجربہ حاصل کر سکیں گے اور لوگ ان افراد کے متاثر کن سفر کے ذریعے مشاہدہ کر سکیں گے کہ کس طرح ان افراد نے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے معاشرے میں رائج دقیانوسی تصورات سے انکار کیا۔
تنوع اور شمولیت کو فروغ دینے کے پختہ عزم کے ساتھ، کیفے دونوں جنسوں کو مساوی مواقع فراہم کرے گا، جس سے کے وی ٹی سی کے گریجویٹس اور پاکستان میں مرکزی دھارے کے معاشرے کے درمیان فرق کو ختم کیا جاسکے گا۔
خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے، پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ عبداللہ، کے وی ٹی سی کے جوائنٹ سکریٹری اور ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری اینڈ ڈائیگناسٹک سینٹر کے سی ای او نے کہا، ”پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے کیفے کا سنگِ بنیاد رکھے جانے کی خوشی میں اس اہم موقع پر آپ سب کو خوش آمدید کہتے ہوئے مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے۔
یہ کیفے اس شمولیت اور بااختیاریت کا ثبوت ہے جس پر کے وی ٹی سی برسوں سے عمل پیرا ہے۔ بے حد شکریہ کے ساتھ، ہم اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کا ان کی فراخدلی اور تعاون کے لیے ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ آئیں مل کر ایک روشن، جامع مستقبل کی راہ ہموار کریں۔
اسٹیٹ لائف کے چیئرمین جناب شعیب جاوید حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”ہم اپنی کمیونٹی کے ان گمنام ہیروز جنہیں کے وی ٹی سی باصلاحیت بنارہا ہے کے لئے کی جانے والی اس شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اسٹیٹ لائف کو ایسے منفرد اقدامات کی حمایت کرنے پر فخر ہے جو ایک ایسا نظام تشکیل دے سکیں جہاں ڈفرینٹلی ایبلڈ بچوں کی صلاحیتوں کو ابھارا جاتا ہے اور اس کے لئے کے وی ٹی سی کے ساتھ ہماری پارٹنرشپ ایسے ہی جاری رہے گی۔”
کے وی ٹی سی کے سی ای او سینیٹر عبدالحسیب خان نے اسٹیٹ لائف انشورنس اور اسٹیٹ لائف کے لوگوں کے کیفے خودی کے لیے تعاون پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”آج کے وی ٹی سی کے لیے ایک تاریخی دن ہے، کیونکہ ہم اپنے ڈفرینٹلی ایبلڈ طلبہ کی ناقابلِ یقین صلاحیتوں کا جشن منانے کے لیے متحد ہیں۔ کیفے خودی ایک ایسا خواب ہے جس کی تعبیر ہمارے ڈفرینٹلی ایبلڈ طلبہ کے کامیاب کیریئر کا آغاز ہوگی۔
سینیٹر خان نے مزید کہا،ہمارا مقصد رکاوٹوں کو توڑنا اور ایک جامع معاشرہ تشکیل دینا ہے جو تنوع اور مساوات کو اہمیت دیتا ہو۔ یہ کیفے نہ صرف ایک غیر معمولی کلنری تجربہ فراہم کرے گا بلکہ ہمارے گریجویٹس کو مرکزی دھارے میں شامل ہونے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرے گا۔ اپنے طلباء کو مکمل، آزاد زندگی گزارنے کے لیے اور بااختیار بنانے کے لیے ہمارے عزم و جدوجہد کی روشن مثال ہوگا۔
ڈاکٹر اختر عزیز نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے اظہارِتشکر پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام شراکت داروں، معاونین، اور خاص طور پر اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کا اس کیفے پراجیکٹ کو حقیقت بنانے کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آپ کی غیر متزلزل حمایت ہمارے طلبہ کو بااختیار بنانے میں مدد کرتی ہے اور ہمیں ایک جامع معاشرے کی تشکیل کے ایک قدم اور قریب لاتی ہے۔
کے وی ٹی سی میں کیفے خودی کی سنگ بنیاد کی تقریب شراکت داری کی اہمیت اور مقامی ہیروز کی ترقی اور زندگیوں کو تبدیل کرنے میں مشترکہ وژن کا ثبوت ہے۔ کیفے خودی کا اقدام امید کی کرن ہے، جو مختلف اسپیشل افراد کے اندر قابلِ ذکر صلاحیت کی علامت بنے گا جو اب ہمارے معاشرے میں چمکنے کے لیے تیار ہے۔