راولپنڈی: سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ غریب کے پاس آٹا، چینی اور بچوں کی فیس کیلئے پیسے نہیں جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے افتتاح کا جمعہ بازار لگا دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آج دس محرم الحرام ہے۔ اہل وفا کا نام آج بھی زندہ ہے جنہوں نے گردنیں کٹوا دیں۔ شہادتیں قبول کیں لیکن طاقتور کی بیعت نہیں کی اور نہ ہی سر جھکایا۔
پرویز خٹک کی پارٹی میں شمولیت پر 25پی ٹی آئی اراکین کی رکنیت ختم
ٹوئٹر پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ نسلی اور اصلی ہی قربانیاں دیتے ہیں۔ مفاد پرست ہتھیار پھینکنے میں پانچ منٹ نہیں لگاتے۔ کسی کو احساس نہیں کہ غریب کے پاس آٹا، چینی، کرائے اور بچوں کی فیس کے پیسے نہیں ہیں۔ برادر یوسف شہباز صاحب نےافتتاح کا جمعہ بازار لگا دیا ہے۔
وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وہ اتنے افتتاح کر رہے ہیں کہ ان کو یہ معلوم ہی نہیں کہ دس بارہ دن کا کھیل باقی ہے۔ لوگوں کو معلوم ہے کہ یہ پیسے کہاں سے آئیں گے؟ اس پہ کام کب شروع ہوگا اور جھوٹ کی سیاست پروان چڑھ چکی ہے۔
سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اگر عوام نے جرأت کا مظاہرہ کیا، جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو دفن کیا تو پاکستان میں بہتری آئے گی۔ جیل قلفی والا اور پاپڑ والاجاتا ہے۔ بڑا آدمی جیل سے کاروبار بھی چلاتا ہے اور سیاست کی دکان بھی چمکاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جسے بجلی مفت ملتی ہے وہ بجلی کے نرخ بڑھاتا ہے۔ پاکستان میں جن کے پاس وسائل ہیں وہی اسمبلیوں کی شکل دیکھتے ہیں۔ مسائل زدہ لوگ اسمبلی کے اندر داخل بھی نہیں ہو سکتے۔پاکستان کی سیاست میں جمہور کا قبضہ نہیں بلکہ استحصالی طاقتوں کا قبضہ ہے۔
عوامی لیگ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مجبوریت کا دوسرا نام ہے۔ ایک گھنٹے میں 24 ارکان کی حاضری پر مشتمل اسمبلی 29 بل پاس کرے اور 85 اراکین پر مشتمل کابینہ ہو تو اس ملک کا اللّٰہ ہی حافظ ہے۔ 12 دنوں کی بات ہے جب نگران وزیراعظم کا نام آئے گا تو سب کچھ پتہ چل جائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں ایسا نظام چل رہا ہے جس کے بارے میں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا کہ نگران حکومت کون بنائے گا، الیکشن کب ہوں گے، ہوں گے بھی یا نہیں ہوں گے۔ وہ الیکشن کیا تبدیلی لائے گا جہاں سارے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے کیسز ختم کر دیئے۔
آج دس محرم الحرام ہے اہل وفا کا نام آج بھی زندہ ہے جنہوں نے گردنیں کٹوا دیں شہادتیں قبول کیں لیکن طاقتور کی بیت نہیں کی اور نہ ہی سر جھکایا۔ نسلی اور اصلی ہی قربانیاں دیتے ہیں مفاد پرست سیاسی ہتھیار پھینکنے میں پانچ منٹ نہیں لگاتے کسی کو احساس نہیں کہ غریب کے پاس آٹا چینی کرائے…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) July 29, 2023
ان کا کہنا تھا کہ اب پھر اپنوں کو بانٹا جا رہا ہے اور غریبوں کو ڈانٹا جا رہا ہے اگر الیکشن کا وقت آیا تو غریب ایسا فیصلہ دے گا کہ پی ڈی ایم کو دن میں تارے نظر آ جائیں گے