دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ قرآن کریم کی بے حرمتی اقوام کو لڑانے کی سازش ہے۔ مغربی ممالک میں اسلامی مقدسات کی توہین اسلامو فوبیا کا مظہر ہے۔ ایسے واقعات کی بیخ کنی انتہائی ضروری ہے جس کیلئے عالمی سطح پر ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئے روز اسلام کے دشمن مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں، سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں، مغرب کا دوہرا معیار کسی صورت قبول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
پاکستانی دینی تنظیم کی دعوت پر ملاوی میں 1138 افراد نے اسلام قبول کرلیا
ہم دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کی عظیم کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کرنیوالے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے میں کردار ادا کریں امت مسلمہ کو متفقہ لائحہ عمل اپنانے ہوئے سویڈن کا مکمل طور پر سفارتی بائیکاٹ کرنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزم نعیمیہ کے زیراہتمام گڑھی شاہو لاہور میں ہونیوالے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی استعمار سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بار بار امت مسلمہ کے جذبات کو بھڑکانے کی سازشیں کرتا آ رہا ہے، ہم مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متحد ہو جائیں بس اب بہت ہو چکا اسلام کی مقدسات کو بے حرمتی سے بچانے کیلئے غیرت ایمانی کا مظاہرہ کریں۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی انتہائی دلخراش جس پر امت مسلمہ دکھی ہے، اس طرح کے واقعات دنیا کے امن کو برباد کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کو سرِعام نذر آتش کرنیوالے ملعون کو نشان عبرت بنانا ضروری ہے، تاکہ دوبارہ کوئی شخص ایسی جراَت نہ کر سکے۔ امت مسلمہ متفقہ لائحہ عمل اپنائے، سویڈن کا مکمل طور پر سفارتی بائیکاٹ کیا جائے۔
ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ عالمی دنیا مسلمانوں کی عظیم کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کرنیوالے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے میں کردار ادا کرے۔ قرآن کریم کی عظمت و تکریم قائم و دائم ہے اور رہے گی مغرب کے فکری دہشت گردوں کی ناپاک حرکات قرآن کی عظمت کوہر گز کم نہیں کر سکتیں۔