ملتان: نائب چیئرمین تحریکِ انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل اور نگراں وزیر اعظم کے فیصلے ہوچکے ہیں جو 2 بڑی سیاسی جماعتوں نے کیے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ماڈل ٹاؤن لاہور کی بیٹھک نے دبئی کے فیصلوں پر مہرِ تصدیق ثبت کردی اور سب جانتے ہیں کہ اس بیٹھک میں کیا گفتگو ہوئی۔
پرویز الٰہی تھری ایم پی او کے تحت 1ماہ کیلئے نظر بند
بیان میں نائب چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 2 بڑی جماعتوں نے اسمبلیوں کی تحلیل اور نگراں وزیر اعظم کیلئے فیصلے کر لیے، یعنی اب فیصلے ہوچکے اور مشاورت باقی ہے۔ ان فیصلوں پر پی ڈی ایم کی باقی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
سابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اب یہ بھی ابہام نہیں رہا کہ نگراں وزیر اعظم کس کی مرضی کا ہوگا؟دو بڑوں نے فیصلہ کیا۔ مشاورت کا بھی آئینی طریقہ کار ہوتا ہے۔ یہاں یہ بڑا واضح ہے کہ نگراں سیٹ اپ کس نوعیت کا ہوگا۔
نائب چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ دو بڑی جماعتوں نے کرنا ہے یا عوام نے؟لگتا ہے جہانگیر خان ترین کی استحکامِ پاکستان پارٹی بھی عدم استحکام کا شکار ہونے والی ہے۔