اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معاشی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق سال 24-2023 میں معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی کارکردگی منفی 0.5 فیصد رہی، حکومت نے گزشتہ سال جی ڈی پی گروتھ 0.3 فیصد مثبت رہنے کا دعویٰ کیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2024 میں بے روزگاری ساڑھے 8 فیصد سے کم ہو کر 8 فیصد پر آجائے گی جبکہ اس سال اوسط مہنگائی 29.6 فیصد سے کم ہو کر 25.9 فیصد پر آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
امریکا، حکومت نے پاکستانی سفارت خانے کی ملکیت تاریخی عمارت فروخت کردی
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطابق رواں سال مالی خسارہ معمولی کمی سے ساڑھے 7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف رپورٹ میں مزید بتایاگیا کہ پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 0.4 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے، پاکستان کے ذمہ قرضوں کا حجم 81.8 فیصد سے کم ہو کر 74.9 فیصد پر آجائے گا۔
واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا 3 ارب ڈالرز قرض پروگرام منظور کرلیا ہے۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹینڈ بائے معاہدے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد فوری طور پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز کی قسط پاکستان کو جاری کردی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق 1.8 ارب ڈالر نومبر اور فروری میں دوبارہ جائزوں کے بعد شیڈول کیے جائیں گے۔