معروف اداکارہ میرا سیٹھی جو اس وقت ڈرامہ سیریل کچھ اَن کہی میں سمیعہ کا کردار کررہی ہیں نے بتایا کہ ناظرین کچھ اَن کہی جیسے ڈرامے نہیں دیکھنا چاہتے۔
اس ڈرامے کو معروف اداکار و ڈرامہ نویس محمد احمد نے تحریر کیا ہے، ڈرامے میں سجل علی اور عمران عباس مرکزی کردار اداکررہے ہیں جبکہ ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں میرا سیٹھی بھی شامل ہیں۔
میرا سیٹھی نے ڈرامے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سماجی موضوعات پر مبنی ڈرامہ ہے جس میں 80 کی دہائی کا زمانہ دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ناظرین کچھ اَن کہی جیسے ڈرامے نہیں دیکھنا چاہتے لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ اگر ہم کچھ اچھا بناتے ہیں تو وہ ایک وقت کے بعد مقبول ضرور ہوتا ہے۔
ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میرا سیٹھی نے کہا کہ اگرچہ میں سمیعہ کی طرح پرسکون نہیں ہوں، تب بھی میں اس کردار سے خود کو بہت قریب تر محسوس کرتی ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈرامے کے اختتام میں سمیعہ کا کردار ناظرین کو حیران کردے گا۔