معروف یوٹیوبر عادل راجہ کون ہیں؟ لندن سے گرفتار کیوں کیا گیا؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ویڈیو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ یو ٹیوب پر کسی بھی موضوع پر ویڈیو تلاش کی جائے تو آسانی سے مل جاتی ہے اور اگر اختلافی موضوعات پر گفتگو تلاش کی جائے تو عادل راجہ سمیت دیگر یو ٹیوبرز ٹاپ پر نظر آتے ہیں۔

مختلف ویڈیوز اور خبروں سے محسوس ہوتا ہے کہ پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی اور اشتعال انگیز ویڈیوز بنانے کیلئے بدنام عادل راجہ خود بھی ایک ریٹائرڈ میجر ہیں، تاہم ٹی وی چینلز پر چلنے والی اطلاعات کے مطابق انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آئیے ان کے متعلق مختلف حقائق کا جائزہ لیتے ہیں۔

عادل راجہ کون؟

یو ٹیوب پر لاکھوں سوشل میڈیا صارفین کے پسندیدہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ ہونے کے دعویدار عادل راجہ نے پاک فوج، سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی عہدیداران سمیت دیگر افسران پر مختلف الزامات عائد کیے ہیں۔

ویڈیوز میں اکثر عادل راجہ کو پاکستان کا جھنڈا اپنے سینے پر لگائے مادرِ وطن کیلئے لڑنے کے جوش و جذبے سے لبریز بھی دیکھا جاسکتا ہے، جس سے محسوس ہوتا ہے کہ عادل راجہ فوجی افسران پر تنقید تو کرتے ہیں، تاہم وطن دشمن نہیں۔

الزامات کا بزنس

جب بھی کوئی یو ٹیوبر ویڈیوز بنا کر اپنے چینل پر اپ لوڈ کرنے لگتا ہے اور اس کا چینل خبروں سے تعلق رکھتا ہے تو اسے یہ اچھی طرح پتہ ہوتا ہے کہ یو ٹیوب پر زیادہ تر متنازعہ ویڈیوز کو ویوز ملتے ہیں، اور ایسی ویڈیوز کی زیادہ پذیرائی ہوتی ہے۔

اس لیے بعض یوٹیوبرز نے یہ روش اپنا لی کہ وہ دیگر یوٹیوبرز، مشہور شخصیات اور عسکری اداروں پر الزامات عائد کریں گے، تاکہ ان کی ویڈیوز زیادہ سے زیادہ دیکھی جائیں۔ عمران ریاض خان اور عادل راجہ کو ایسے ہی یوٹیوبرز کی کیٹگری میں شامل کیاجاسکتا ہے۔ تاہم یہ بھی الزام ہی ہوگا، جسے ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔

عادل راجہ پر الزامات

رواں برس جنوری کے دوران پاک فوج کے ایک سینئر افسر نے متنازعہ بیان دینے پر عادل راجہ کے خلاف برطانوی ہائیکورٹ میں ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کردیا۔ سابق فوجی افسر پر الزام تھا کہ انہوں نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر بھی ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگایا۔

برطانوی عدالت میں جو مقدمہ دائر کیا گیا ہے، اس کے متن میں تحریر ہے کہ عادل راجہ نے 14 جون 2022، یعنی آج سے ٹھیک 1سال قبل حاضر سروس فوجی افسر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جس سے مقدمہ دائر کرانے والے کی ساکھ مجروح ہوئی۔ 

اداکاراؤں پر الزامات

گزشتہ برس جب عادل راجہ اسلام آباد سے لاپتہ ہوئے تو کوئی نہیں جانتا تھا کہ وہ اچانک لندن پہنچ جائیں گے، تاہم عادل راجہ لندن پہنچے اور آج انہیں گرفتار کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے وی لاگ میں عادل راجہ نے پاکستان کی ٹاپ ماڈلز اور اداکاراؤں پر سنگین الزامات عائد کیے اور ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ایک ادارے کے پاس الزام کا شکار خواتین کی نازیبا ویڈیوز بھی موجود ہیں۔ 

سچ کیا ہے؟

ایک جانب عادل راجہ کے حامی سوشل میڈیا صارفین ہیں کہ اگر عادل راجہ کو گرفتار کیا گیا ہے تو غلط کیا گیا ہے اور انہیں فوری رہائی دے دینی چاہئے۔ فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزامات بھی غلط ہیں۔ وہ کچھ فوجی افسران پر الزامات عائد کرتے ہیں، پوری پاک فوج پر نہیں۔

دوسری جانب وہ لوگ بھی ہیں جو عادل راجہ کے سخت خلاف ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عادل راجہ کی یو ٹیوب ویڈیوز کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے اور اگر الزامات کے سچ یا جھوٹ  ہونے کا پتہ چل جائے، اسی بنیاد پر کارروائی کی جائے۔ 

Related Posts