اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ہم آئی ایم ایف سے معاہدے کیلئے مزید مشکل فیصلے نہیں کریں گے، امید ہے چین پاکستان کا 2.4ارب ڈالر قرض رول اوور کردے گا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو کے دوران وزیرِخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کو معاہدہ کرنا ہے تو کرلے، نہیں کرنا تو نہ کرے۔ ان کے مطالبات پر مزید مشکل فیصلے نہیں کریں گے۔
اسحاق ڈار کی پیٹرولیم مصنوعات پر اوگرا سفارش کی تردید
غیر رسمی گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارا مئی اور جون کے دوران 3 اعشاریہ 7ارب ڈالر بیرونی ادائیگی کرنے کا منصوبہ ہے۔حکومت کو 3.7ارب ادا کرنے میں کوئی پریشانی نہیں۔
وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے جتنے پیشگی اقدامات اٹھانے کا کہا، اٹھا لیے ہیں، مزید نہیں اٹھائیں گے۔ امید کرتے ہیں کہ چین پاکستان کا مزید 2.4ارب ڈالر قرضہ رول اوور کرے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خزانہ اسحاق ڈار نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے تازہ ترین 15 روزہ اپ ڈیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی تھی۔
منگل کو ٹوئٹ کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ”پریس اور الیکٹرانک میڈیا میں کچھ رپورٹس گردش کر رہی ہیں کہ اوگرا نے یکم مئی 2023 سے موٹر اسپرٹ/پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے حکومت کو سفارشات کی ہیں، جو کہ بے بنیاد اور غلط ہیں۔”