لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے کی منظم سازش ناکام بنائیں گے۔
مریم نواز کی صدارت میں یوتھ اور خواتین ونگز کی ممبر سازی مہم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پنجاب بھر میں یوتھ اور خواتین ونگز کی جاری ممبر سازی مہم کا جائزہ لیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے نوجوانوں اور خواتین کی پارٹی میں شمولیت کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور رجسٹریشن میں بھرپور شرکت کرنے پر خواتین اور نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔
مریم نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان اور خواتین آبادی کو اپنے بہتر مستقبل کیلئے درست سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے،نوجوان اور خواتین معاشرے میں سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے طبقات ہیں، ان کی سیاسی عمل میں شمولیت بڑی تبدیلی لا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو پاکستان کیخلاف کرنے کی فارن فنڈڈ مہم چلائی جا رہی ہے، خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے استحصال کا خاتمہ ہوگا، آخر میں مریم نواز نے تمام یوتھ کوآرڈینیٹرز کے جذبے کو سراہا، انہوں نے عاشق حسین، حنابٹ اور دیگر کی کارکردگی کی تعریف کی۔
مزید پڑھیں:ایک آزاد عدلیہ آئین کا ایک اہم جزو ہے، چیف جسٹس
مریم نواز نے کہا کہ نوجوان اور خواتین آبادی کو اپنے بہتر مستقبل کیلئے درست سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے۔
نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنے کا مقصد اُن کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے، نوجوانوں کو پاکستان سے مایوس کرنے کی منظم سازش ناکام بنائیں گے، نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں انہیں قوم کا معمار اور بااختیار بنائیں گے۔