کراچی: پولیس نے عید کے روز لوٹ مار پر پولیس مقابلے کے دوران 1 زخمی ڈاکو سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایسٹ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے عید الفطر کے روز شہری سے لوٹ مار کرنے والے ڈکیتوں سے مقابلہ کیا۔ نئی سبزی منڈی چوکی کے پولیس اہلکاروں نے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
دنیا پور میں ٹریلر جھونپڑیوں سے ٹکرا گیا، 7 افراد جاں بحق
گرفتار ملزمان میں 1 زخمی ڈکیت بھی شامل ہے۔ سائٹ سپر ہائی وے پولیس کا کہنا ہے کہ گشت کے دوران مسلح ڈکیت گروہ شہری سے نازل پل نزد اسلام آباد ہوٹل کے قریب لوٹ مار کی واردات کر رہا تھا۔
سائٹ سپر ہائی وے پولیس کا کہنا ہے کہ موقعے پر جا پہنچنے پر ڈکیت گروہ نے پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک زخمی ڈکیت سمیت 2ڈاکو گرفتار ہوئے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول اور ایمونیشن کے علاوہ 4 چھینے گئے موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی۔، پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال چوری کی گئی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی ہے۔
ملزمان کی شناخت زخمی عبدالحکیم اور زوی اللہ کے ناموں سے کر لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔ زخمی ملزم کو ہسپتال جبکہ دوسرے گرفتار ملزم کو تھانہ منتقل کردیا گیا۔
چوکی انچارج نیو سبزی منڈی ممتاز چانڈیو کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ گرفتار ملزمان سے لوٹ مار سمیت دیگر وارداتوں کے متعلق تفتیش کی جائے گی۔