پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی سوشل میڈیا پوسٹ میں ساتھی فنکاروں کے نمبر سامنے آگئے جس پر فیروز خان نے معذرت کی ہے۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں اداکار فیروز خان نے کہا کہ رواں برس 23 جنوری کو میری سابق لیگل ٹیم نے ایک ہتکِ عزت کا نوٹس میرے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا جس میں غلطی سے میں رابطہ نمبر نہ دیکھ سکا۔
انڈین میچ میکنگ کا تیسرا سیزن کب سے شروع ہوگا؟
معروف اداکار فیروز خان نے کہا کہ مذکورہ نوٹس کے وصول کنندہ افراد کی ذاتی معلومات اور فون نمبرز تک موجود تھے۔ میں نے منٹوں میں وہ سوشل میڈیا پوسٹ ڈیلیٹ کردی تاہم میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ میرے ساتھی فنکاروں کی نجی معلومات متاثر ہوئیں۔
فیروز خان نے کہا کہ بطور اداکار میں پرائیویسی کے مقام کو سمجھتا ہوں اور اسے بہت اہمیت دیتا ہوں۔ میرا بالکل ارادہ نہیں تھا کہ کسی کے ذہنی سکون کو متاثر کیا جائے۔ اگر میرے اس عمل سے میرے کسی ساتھی فنکار کو زک پہنچی ہو تو دل سے معذرت خواہ ہوں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اداکار فیروز خان کا کہنا تھا کہ میرے اور منیب بٹ کے اہلِ خانہ کے مابین جو بھی معاملہ ہوا، اس کو اپنے بڑوں کی رہنمائی سے ہم نے یہیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ باہمی احترام اور محبت کا تعلق قائم رکھیں گے۔