لاہور: محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں گرینڈ آپریشن کے دوران کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کیا جن کا تعلق کالعدم جنگجو تنظیموں سے بتایا جاتا ہے۔
دہشتگردوں کا سی ٹی ڈی ٹیم پر حملہ، کالعدم تنظیم کا کمانڈر ہلاک
ترجمان سی ٹی ڈی کے بیان کے مطابق دہشت گردوں کو ملتان، سرگودھا اور لاہور سمیت دیگر شہروں سے گرفتار کیا گیا۔ گرینڈ آپریشن کے دوران 8 دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا۔
بیان کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے قبضے سے گولیاں، اسلحہ، بارودی مواد اور خودکش جیکٹس بھی برآمد کرلیں۔ ملزمان کے خلاف 7 مقدمات درج کر لیے گئے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے ضلع میانوالی کے علاقے کالا باغ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیم پر حملہ کرنے والا کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا اہم کمانڈر ہلاک ہوگیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کالاباغ میں دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی میانوالی کی ٹیم پرحملہ کیا، جس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی اور 20 منٹ تک دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔