اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی نگراں حکومتوں کیلئے گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے دونوں صوبوں میں تقرر اور تبادلوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس میں حکام کا کہنا ہے کہ نگراں حکومتیں انتخابات منعقد کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کی مدد کریں۔ دونوں صوبوں میں تمام وزارتیں، ڈویژنز، محکمے اور ادارے بھرتیاں نہیں کرسکیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کی منظوری کے بغیر کوئی سرکاری ملازم تعیناتی یا تبادلہ حاصل نہیں کرسکے گا۔ علاوہ ازیں دونوں صوبوں میں کسی ترقیاتی منصوبے کا اعلان نہیں ہوگا۔ کے پی کے، پنجاب اور کینٹ بورڈ کے فنڈز منجمد کردئیے گئے۔
ترقیاتی فنڈز انتخابات کا نتیجہ آنے تک منجمد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیاسی بنیادوں پر بھرتی تمام اداروں کے سربراہان فی الفور ملازمت سے فارغ کیے جائیں ، دیگر اہم احکامات بھی جاری کردئیے گئے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ سابق وزرائے اعلیٰ، وزراء، مشیران سے سرکاری رہائش گاہیں خالی کرائی اور سرکاری گاڑیاں واپس لے لی جائیں۔ نگراں وزرائے اعلیٰ اور وزراء 3 روز کے اندر اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ دونوں صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل ہوچکی ہیں۔