جمعیت علمائے پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی سے ملاقات کی۔
دونوں رہنمائوں نے ملک کی خارجہ و داخلہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، خصوصاً معاشی بدحالی اور بڑھتی ہوئی دہشتگردی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی اور تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ فاروق الحسن، چودھری محمد علی بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
امید ہے مسئلہ کشمیر و فلسطین 2023 میں حل ہوجائیں گے، پیر اعجاز ہاشمی
صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ پاکستان کے تمام طبقات اور شعبہ حیات سے منسلک عوام و خواص سخت پریشان ہیں، پاکستان کو سیکولر سٹیٹ بنایا جا رہا ہے اور ملک توڑنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، حتی کے اہم ترین قومی اثاثے فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام متحارب سیاسی قوتیں صرف اپنے ذاتی مفادات کی جنگ میں مصروف ہیں، ملک و قوم کو تباہی کے دہانے تک پہنچایا جا رہا ہے۔
سعد رضوی نے کہا ملک کو دیوالیہ کر دیا گیا ہے، ملکی و غیر ملکی سازشیں عروج پر ہیں، معاشی بد حالی کے ذریعے تباہی لائی جا رہی ہے۔ دونوں رہنماوں نے آئندہ باہمی رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔