کراچی: دفاعی چیمپئن بلوچستان نے خیبر پختونخوا کو 38 رنز سے شکست دے کر پاکستان کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، فاتح ٹیم پیر کو فائنل میں سینٹرل پنجاب کے مد مقابل آئے گی۔
اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں کے پی کی پوری ٹیم 302 رنز کے تعاقب میں 48ویں اوور کی پہلی گیند پر 264 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
عادل امین، محمد حارث اور صاحبزادہ فرحان کی نصف سنچریاں رائیگاں گئی، عادل امین 76، صاحبزادہ فرحان 57 اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
عماد بٹ نے 52 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی. خرم شہزاد اور محمد جنید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
خیبر پختونخوا نے ٹاس جیت کر بلوچستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اس کی ابتدائی چھ وکٹیں محض 138 رنز پر گر چکی تھیں تاہم تجربہ کار بیٹر بسم اللہ خان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔
مزید پڑھیں:بابر اعظم اور بسمہ معروف کا پی سی بی پوڈکاسٹ میں سال 2022 کا جائزہ
دسویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے کاشف بھٹی نے 52 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی بدولت 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 300 کے پار پہنچادیا،بسم اللہ خان نے دو چھکوں اور چھ چوکوں کی بدولت 65 رنز کی اننگز کھیلی. کے پی کے افتخار احمد نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔