اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے داماد کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری سے روک دیا۔
وزیراعظم کے داماد ہارون یوسف عزیز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے نیب کو ہارون یوسف عزیز کی وطن واپسی پر گرفتاری سے روک دیا۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست کی سماعت میں عدالت نے ہارون یوسف عزیز کو حفاظتی ضمانت کے لیے کل 22 دسمبر کو عدالت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالت میں پیش ہونے تک نیب پٹیشنر کو گرفتار نہ کرے۔
توشہ خانہ ریفرنس میں زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو بڑا ریلیف مل گیا
وزیراعظم شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف عزیز آج شام قطر ائیر ویز کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں گے۔ ہارون یوسف عزیز نے احتساب عدالت لاہور میں سرنڈر کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم کے صاحبزادے سلیمان شہباز بھی آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب کے ملزم ہیں جبکہ لاہور کی احتساب عدالت نے ہارون یوسف عزیز کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔