بنگلور: بھارتی ریاست کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حلال گوشت پر پابندی کا بل منظور کرانے کیلئے تیار ہے جس کیلئے رکنِ پارلیمان این روی کمار کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حلال گوشت کے معاملے پر بی جے پی اور کانگریس میں بڑے اختلافات سامنے آسکتے ہیں۔ کرناٹک قانون ساز کونسل میں بی جے پی رکن این روی کمار پابندی کا بل پیش کریں گے۔
بھارتی پروفیسر نے بھارت کی الزام تراشیاں بے نقاب کردیں
رکن بی جے پی این روی کمار کا کہنا ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء کیلئے تصدیق فسائی کے علاوہ کسی اور ادارے سے نہیں کرنی چاہئے اور اسی ادارے سے سرٹیفکیٹ لیے بغیر حلال گوشت فروخت کرنے پر پابندی لگنی چاہئے۔
این روی کمار حلال گوشت پر پابندی کا بل پرائیویٹ ممبر کی حیثیت سے پیش کرنا چاہتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اگر بی جے پی نے یہ بل منظور کرادیا تو کرناٹک میں جاری پولنگ کے دوران سیاسی ماحول گرم ہوجائے گا۔
انڈین میڈیا کے بیان کے مطابق بی جے پی قیادت حلال گوشت پر پابندی کا بل منظور کرانا چاہتی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ہم حکمراں سیاسی جماعت کی حکمتِ عملی کو سمجھتے ہیں۔ مودی حکومت عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ نریندر مودی حکومت کرناٹک میں جاری انتخابات کے دوران بد ترین شکست سے بچنے کیلئے حربے آزما رہی ہے اور اپنی ناکامی، بد عنوانی اور ووٹروں کے ڈیٹا چوری جیسے مسائل سے توجہ ہٹانے کی خواہاں ہے۔