اسلام آباد: پاکستان میں ادویات کے بحران کا خطرہ منڈلانے لگا، وفاقی وزارت صحت نے ملک میں دواؤں کے بحران کے خدشے کے پیش نظر وزارت خزانہ کو خط لکھ دیا۔
وزارت صحت کے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ادویات کے خام مال کیلئے ایل سیز نہ کھولی گئیں تو ادویات کا بحران پیدا ہوسکتا ہے، کیونکہ کمپنیوں کے پاس صرف چند ہفتوں کا خام مال محفوظ ہے۔
حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی سفارش پر وزارت خزانہ کو خط لکھا ہے۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم اور فارما سوٹیکل مصنوعات کی درآمد پرکوئی پابندی نہیں، گورنر اسٹیٹ بینک کی واضح ہدایات ہیں کہ پیٹرولیم اور فارما سیوٹیکل کیلئے ایل سیز بند نہ کی جائیں۔ جو بینک فارماسوٹیکل امپورٹ کے لیے ایل سی نہیں کھول رہے، ان کی نشاندہی کریں۔
مزید پڑھیں:آلو اور ٹماٹر کینسر کو ہرانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ تحقیق
پاکستان فارماسوٹیکل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق بھارتی اور چینی کمپنیاں اب پاکستانیوں کو ادھارپرخام مال فراہم نہیں کررہیں، بھارتی خام مال ساز کمپنیوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ قرار دے دیا ہے، ایل سیز کھولنے کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو ملک میں ادویات اور میڈیکل ڈیوائسز کا سنگین بحران ہوگا۔