اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف چین کا 2 روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب وطن واپس پہنچے۔ دو روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب کے علاوہ صدر سے بھی ملاقات کی۔
لانگ مارچ کے دوران سرکاری گاڑیوں کے دہشت گردی میں استعمال کا خدشہ
دورۂ چین کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان آمد کی دعوت بھی دی۔ پاکستان اور چین کے مابین اسٹرٹیجک تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے کاموں کیلئے مزید 50 کروڑ یو آن امداد دینے کا اعلان کیا۔ ملاقاتوں کے دوران پاک چین تعلقات پر گفتگو ہوئی۔
صدر شی جن پنگ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا جبکہ دونوں ممالک نے افغانستان میں امن کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پر امن اور مستحکم افغانستان علاقائی سلامتی اور اقتصادی ترقی کے فروغ کا باعث بنے گا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سی پیک کی افغانستان تک توسیع سے علاقائی رابطوں کے اقدامات کو تقویت ملے گی۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دورۂ چین تھا۔