عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہونے والی خاتون صحافی صدف نعیم کی موت تنازعات کا شکار ہوتی جارہی ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءللہ نے دعویٰ کیا تھا کہ صدف نعیم کو دھکا دیا گیا تھا، اور اب مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ مرحومہ کے شوہر سے قانونی کارروائی نہ کرنے کیلئے زبردستی دستخط کروائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:
چیف جسٹس کا ٹیلی کام ملازمین کے قتل کا نوٹس، پولیس افسران سندھ ہائیکورٹ میں طلب
سعد رفیق نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صوبائی وزیر میاں محمد اسلم اقبال پولیس اہل کار کو کاغذ پر مرحومہ صدف کے شوہر نعیم بھٹی سے انگوٹھا لگوانے کا بھی اشارہ کر رہے ہیں، جس پر پولیس اہلکار نے خاتون کے شوہر کو کہا کہ کاغذ پر اپنا نام اور ولدیت لکھیں اور دستخط کردیں۔
یہ ہے دو نہیں ایک پاکستان کے نعرے کی اصلیت :
شہید ہونے والی رپورٹر کے خاوندسےکیسے گھیرا ڈالکر سائن کروائے جا رہے کہ میں کوئ قانونی کاروائی نہیں کرنا چاھتا
کوئ شرم نہ حیأ
pic.twitter.com/vtg2dKDCQS— Khawaja Saad Rafique (@KhSaad_Rafique) October 31, 2022
اسلام آباد ہوئیکورٹ کے سابق چیف جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ٹوئٹ کیا کہ “صدف نعيم کی موت حادثاتی ہے تب بھی مُقامی پوليس کو دفعہ 320/279 ت پ کے تحت مُقدمہ درج کرکے گاڑی کو قبضہ ميں لے کر ڈرائيور کو گرفتار کرنا چاہئے تھا۔“ٓ
انہوں نے مزید لکھا کہ ”صدف نعيم کے خاوند سے تھانہ ميں مُقدمہ اندراج سے قبل کارروائی نہ کرنے کا لکھوانا غير قانونی ہے جس سے ورثاء کو ديت سے بھی محروم کر ديا گيا۔“
صدف نعيم کی موت حادثاتی ہے تب بھی مُقامی پوليس کو دفعہ 320/279 ت پ کے تحت مُقدمہ درج کرکے گاڑی کو قبضہ ميں لے کر ڈرائيور کو گرفتار کرنا چاہئے تھا، صدف نعيم کے خاوند سے تھانہ ميں مُقدمہ اندراج سے قبل کاروائی نہ کرنے کا لکھوانا غير قانونی ہے جس سے ورثا کو ديت سے بھی محروم کر دياگيا
— Shaukat Aziz Siddiqui Advocate Supreme Court (@ShaukatAzizSid1) October 31, 2022
نعیم بھٹی کی جانب سے تھانے میں جمع کرائی گئی درخواست میں صدف کی موت کو حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وہ کسی بھی قسم کی کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ صدف ڈیوائیڈر پر کھڑی تھیں اور پھسل کر گرنے سے کنٹینر کے نیچے آگئیں، جبکہ اس سے پہلے کہا جارہا تھا کہ وہ کنٹینر سے اترتے ہوئے ہاتھ پھسلنے سے گری تھیں۔