لاہور: صوبہ پنجاب میں 9ویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج سامنے آ گئے جن میں 50 فیصد سے زائد طلبہ فیل ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے کل 9 تعلیمی بورڈز کے نتائج کے سامنے آنے کے بعد 50 فیصد سے زائد طلبہ کے فیل ہونے کا انکشاف سامنے جس سے سرکاری اسکولز میں تعلیم کے معیار پر سوالات اٹھنے لگے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی چینی ہم منصب سے ملاقات
پنجاب میں صرف لاہور بورڈ کے تحت 2لاکھ 60 ہزار سے زائد طلبہ نے امتحانات دئیے جن میں سے صرف 1 لاکھ 12 ہزار پاس ہوئے۔ فیصل آباد بورڈ میں 56 فیصد جبکہ ڈیرہ غازی خان میں 51فیصد طلبہ فیل ہو گئے۔
سرگودھا اور ساہیوال بورڈز میں 60 فیصد طلبہ فیل ہوئے جبکہ گجرانوالہ بورڈ میں کامیابی کی شرح 44 فیصد رہی۔ راولپنڈی بورڈ میں 64 فیصد طلبہ جبکہ 47 فیصد طالبات امتحانات میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
بہاولپور بورڈ میں صرف 42 فیصد طلبہ ہی امتحان پاس کرنے میں کامیاب رہے۔ ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب میں تعلیم کا معیار پستی کی جانب گامزن ہے جس پر حکومت کو توجہ دینا ہوگی۔
واضح رہے کہ پنجاب کے سرکاری اسکولز کو کم سہولیات اور بنیادی وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود بھی سندھ کے اسکولز کے مقابلے میں بہتر سمجھا جاتا ہے تاہم پنجاب سمیت ملک کے ہر صوبے میں تعلیم پستی کی جانب گامزن ہے۔