اسلام آباد: سابق وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد سے قبل انہیں وزیر اعظم بنانے کی پیشکش کی گئی تھی جبکہ یہ پیشکش بھی بنی گالہ میں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ سے ہٹانے کیلئے قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد پیش کیے جانے سے قبل مجھے بنی گالہ سے ایک فون کال موصول ہوئی تھی۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس میں طلبی، اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں۔اسد قیصر
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ فون کال موصول ہونے کے بعد جب میں بنی گالہ پہنچا تو میری 2 افراد سے ملاقات ہوئی جن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے علاوہ وزیر اعظم کے عہدے کیلئے 3 نام دیں گے، ان میں آپ کا نام بھی شامل ہوگا۔
قبل ازیں سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کو وزارتِ عظمیٰ سے محروم کرنے کیلئے پہلے تو دھمکی آمیز خط لکھا گیا اور بعد ازاں غیر ملکی سازش کے ذریعے تحریکِ عدم اعتماد لائی گئی تاکہ “امپورٹڈ” حکمران مسلط کیے جاسکیں۔
واضح رہے کہ عمران خان ملک کے وہ پہلے اور اب تک کے آخری وزیر اعظم ہیں جنہیں تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹایا گیا۔ سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ میں نے وزارتِ عظمیٰ کی پیشکش کرنے والوں کو جواب دیا کہ آپ کا دماغ خراب ہوگیا ہے۔