اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے اور مناسب اقدامات اٹھانے کیلئے جنوبی بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف پنجاب اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں بشمول ڈیرہ غازی خان، روجھان، راجن پور اور لسبیلہ میں عوام کی امداد اور ریسکیو کارروائیوں کا جائزہ لینے کیلئے جنوبی بلوچستان اور جنوبی پنجاب کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔
مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیلی کے 3سال، پاکستان کا اظہارِ مذمت
واضح رہے کہ جنوبی پنجاب اور جنوبی بلوچستان میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ عوام کی بڑی تعداد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوئی۔ پاک فوج اور دیگر ریسکیو اداروں نے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے جبکہ متعلقہ حکام وزیر اعظم کو ریلیف کارروائیوں اور بحالی کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دیں گے۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے دوروں کے دوران سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ریسکیو کیمپس میں متاثرین کو دی جانے والی امداد کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نے متاثرین کی امداد کیلئے احکامات بھی جاری کیے جن پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔