اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے حمزہ شہباز کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی ادارہ کسی دوسرے کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرسکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ شب اپنے پیغام میں وزیر اعطم نے کہا کہ آئین نے ریاستی اختیار پارلیمنٹ، انتظامیہ اور عدلیہ کو تفویض کیے ہیں۔ آئین نے سب اداروں کو متعین حدود میں کام کرنے کا پابند کیا ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کوئی ادارہ کسی دوسرے کے اختیار میں مداخلت نہیں کرسکتا۔ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ عدلیہ کی ساکھ کا تقاضا تھا کہ فل کورٹ تشکیل دیاجاتا۔
عدلیہ کی ساکھ کا تقاضا اور قرین انصاف یہی تھا کہ فل کورٹ تشکیل دیا جاتا تاکہ انصاف نہ صرف ہوتا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آتا لیکن عدالتی فیصلے سے قانون دان برادری، سائیلین، میڈیا اورعوام کی حصول انصاف کے لئے توقعات کو دھچکا لگا ہے۔ https://t.co/rZncJpszpY
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 26, 2022
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر فل کورٹ بینچ تشکیل دیا جاتا تو انصاف نہ صرف ہوتا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آتا، لیکن عدالتی فیصلے سے قانون دان برادری، سائلین، میڈیا اور عوام کی حصولِ انصاف کیلئے توقعات کو دھچکا لگا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیا جبکہ وزیر اعظم کے صاحبزادے حمزہ شہباز وزارتِ اعلیٰ سے محروم ہو گئے ہیں۔