ڈھاکہ: بنگلہ دیشی ون ڈے ٹیم کے کپتان تمیم اقبال ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں جس کا اعلان انہوں نے خود سوشل میڈیا پیغام میں کیا۔
فوٹو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے پیغام میں بنگلہ دیشی کپتان تمیم اقبال نے کہا کہ مجھے آج سے ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائر سمجھئے۔ میں سب لوگوں کا شکر گزار ہوں۔
سری لنکا کے 222 رنز، پاکستان کے 24 رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ
واضح رہے کہ تمیم اقبال کی قیادت میں بنگلہ دیشی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سویپ کیا ہے۔ گزشتہ روز تیسرے ون ڈے کے اختتام پر تمیم اقبال نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
جنوری کے دوران تمیم اقبال نے ٹی 20 کرکٹ سے یہ کہتے ہوئے بریک لیا تھا کہ 6 ماہ کے اندر اندر اپنے ٹی 20 کے مستقبل کا اعلان کروں گا۔ تمیم اقبال ٹی 20 میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔
مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں تمیم اقبال نے 78 میچز کھیلے اور 1758 رنز بنائے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 117اعشاریہ 2 رہا تاہم اوسط 24.08 رہی جس پر متعدد مرتبہ سوالات اٹھائے گئے۔
ون ڈے میں دھواں دھار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تمیم اقبال نے ٹی ٹوئنٹی کے پورے کیرئیر میں صرف 1سنچری اور 7نصف سنچریاں بنائیں۔ تمیم اقبال ون ڈے ٹیم کی قیادت کرتے رہیں گے۔