لاہور: لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر میں بہترین صفائی سہولیات کی فراہمی کے لیے ادارے میں مربوط،منعظم اور شفاف نظام کے لیے کوشاں ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی ہیومین ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
بغیر اطلاع مسلسل غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف فوری کاروائی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ایل ڈبلیو ایم سی نے طویل عرصے سے غیر حاضر 171ملازمین کو سروس سے فارغ کر دیا ہے۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ بغیر اطلاع لمبی چھٹی کرنے والے ورکرز ایچ آر کے ریڈار پر ہیں۔ادارے کی پالیسی کے مطابق مسلسل 30دن تک مطلع کیے بغیر غیر حاضر ملازمین کو ادارہ برخاست کرنے کا مجاز ہے۔
ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کی جانب ملازمین کو سروس سے فارغ کرنے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔سروس سے فارغ کردہ تمام ملازمین گزشتہ 30 دن سے مسلسل غیر حاضر تھے۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر کا مزید کہنا ہے کہ لاہور کو صاف بنانے کے لیے روزانہ کی بنیادوں پرکام کرنا ہو گا،حاضری کے معاملے میں ایل ڈبلیو ایم سی زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے کیونکہ بہترین سروس ڈلیوری 100فی صد حاضری سے ہی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
غیر مجاز چھٹیاں سروس ڈلیوری میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں۔ تمام افسران اور ورکرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ غیر مجاز چھٹیوں سے گریز کریں۔تمام ٹاؤن منیجرز اپنے ایریاز میں ورکرز کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے خود مانیٹرنگ کریں۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر نے شہریوں سے بھی گزارش کی ہے کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہریوں کو صفائی سہولیات سے مستفید کرنے کے لیے پُر عزم ہے۔
شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل ہے اگر آپ کے علاقے میں ورکرز غیر حاضر ہیں یا صفائی سے متعلق کوئی بھی شکایت ہے تو اس کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر مطلع کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔