وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق آج دن کے وقت زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد کے علاوہ پشاور، شانگلہ، صوابی، ایبٹ آباد، ہری پور، چارسدہ اور ضلع خیبر سمیت دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ عوام کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے۔
عامر لیاقت کی خالی نشست این اے 245 پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری
مردان، رستم، دیر بالا، لوئر دیر، مالاکنڈ، سرگودھا، خوشاب، چنیوٹ، وادئ نیلم، مظفر آباد، راولا کوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسلام آباد کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی خوف پھیل گیا۔
میانوالی، اٹک اور ننکانہ صاحب اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی جس کی زیرِ زمین گہرائی 218 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان سرحد تھا۔ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔