کراچی:قادریہ ٹرسٹ برمنگھم کے سرپرست اعلی پیر طیب الرحمن قادری دو ہفتے کے مختصر دورے کے بعد لندن واپس چلے گئے، پیر طیب الرحمن قادری نے کراچی میں جید علمائے کرام، سجادہ نشین اور مشائخ عظام سے ملاقاتیں کیں،مختلف پروگراموں میں شریک ہوکر ملکی سلامتی کے کیلئے دعائیں بھی کیں اور بالعموم پاکستان اور بلخصوص کراچی کے علمائے کرام کی دینی خدمات کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق یوکے برمنگھم جماعت اہلسنت کے رہنما اور قادریہ ٹرسٹ یوکے کے سرپرست اعلی صاحبزادہ پیر طیب الرحمن قادری دو ہفتے کے مختصر دورے پر پاکستان آئے تھے جہاں انہوں نے مختلف دینی وسیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، دینی پروگراموں میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت بھی کی۔
پیر طیب الرحمن قادری نے کراچی میں مختلف دینی مدارس کا دورہ کیا، علمائے کرام، شیوخ عظام سے ملاقاتیں اور پاکستان میں قادریہ ٹرسٹ کے زیر انتظام چلنے والے دینی مدارس اور دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ،جامعہ نعیمیہ کراچی، جامعہ ضیاء العلوم،جامعہ گلستان اوکاڑوی،جامعہ گلزار مدینہ فرنٹیئر کالونی نمبر 3 سمیت اس کی شاخ جامع مسجد نورانی ومدرسہ جامعہ الصفّہ علیمیہ سپرہائی وے کراچی کا بھی خصوصی دورہ کیا اورکراچی میں علمائے اہلسنت کی کاوشوں، دینی خدامات کو سراہا۔
پیر طیب الرحمٰن قادری نے کراچی میں مفتی منیب الرحمن، علامہ لیاقت ازہری،مفتی رفیع الرحمن نورانی،علامہ احمد ربانی، دعوت اسلامی شوری کے ممبر یوسف سلیم عطاری، فرحان سلیم، قاضی محمد عمر دائم اور مذہبی اسکالرعلامہ کوکب نورانی اوکاڑوی سمیت دیگر سے ملاقاتیں کی، علمائے کرام نے یوکے برمنگھم میں قادریہ ٹرسٹ کے زیر انتظام پیر طیب الرحمن قادری کی دینی و سماجی خدمات کا اعتراف کیا اور انہیں مبارک باد پیش کی۔
اس کے علاوہ پیر طیب الرحمن قادری نے ہری پور، کشمیر، اسلام آباد، واہ کینٹ سمیت دیگر مقامات کے بھی علمائے کرام کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں، پیر طیب الرحمن قادری کی ہری پور آمد کے بعد دور دور سے علمائے کرام اور مریدین کی آستانہ عالیہ بھیرہ شریف پنیاں آمد کا سلسلہ جاری رہا۔