لاہور: پولیس نے مبینہ طور پر پنجاب اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس روکنے کیلئے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز حسین بابر کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز حسین کو رات گئے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ان کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ گھر پر چھاپہ مار کارروائی وجہ بتائے بغیر کی گئی۔
جیل میں رات کو مرد افسران میری ویڈیوز بناتے تھے، مریم نواز
گزشتہ روز اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے اسمبلی کا اجلاس اتوار کے روز کیلئے طلب کیا تھا۔ آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اسپیکر کی جانب سے اجلاس کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اراکین کو شرکت کی دعوت دی گئی۔
ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز حسین بابر کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کی جانب سے سخت ردِ عمل سامنے آیا۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت نے رات کے اندھیرے میں لاقانونیت کی حدیں پار کردیں۔
مسرت جمشید نے کہا کہ پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ اب لاقانونیت کو ختم ہونا چاہئے۔ موجودہ حکومت میں کوئی محفوظ نہیں رہا۔ حکومت نے ڈی جی پارلیمانی امور کو گرفتار کرکے شکست مان لی ہے۔