اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اتوار کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے جس میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید ہوگئے۔
وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے مرحومین کے بلندی درجات اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ انہوں نے لانس حوالدار زبیر قادر، سپاہی عزیز اصغر اور سپاہی قاسم مقصود کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کی عظیم قربانیوں پر فخر محسوس کرتی ہے جو قومی تاریخ کا ہمیشہ سنہری باب رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی بہادری اور قربانیوں کا مظاہرہ افواج پاکستان کا ہمیشہ سے ایک روشن اصول رہا ہے جسے شہداء نے زندہ رکھا۔
وزیراعظم نے 4 سالہ انعم، 8 سالہ احسن اور 11 سالہ احمد حسن سمیت شہید بچوں کے سوگوار خاندانوں سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
بربریت کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے قاتل اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک اس گھناؤنے فعل کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا۔
وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی بحالی کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
مزید پڑھیں:میراں شاہ، خود کش دھماکے میں 3 معصوم بچے اور 3 اہلکار شہید