اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خلاف استعمال کیے جانے والے سرکاری ہتھکنڈوں کو قابلِ مذمت اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور آج قوم کی آواز بن چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج تحریکِ انصاف کے چیئرمین کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ریاستی قوت کی بنیاد پر سچ کی آواز دبانے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔ امپورٹڈ حکومت نے ذرائع ابلاغ پر جو قدغنیں لگائیں، ان کی مذمت کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے حکومت کا نشانہ بنانے والے صحافیوں کے حق میں آواز اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔
کراچی خودکش حملے کو بلوچ قوم سے منصوب نہ کیا جائے، خواتین اراکینِ اسمبلی
سابق وزیر اعظم کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال زیر غور آئی جبکہ انتظامی موضوعات پر تحریکِ انصاف کے بیانیے پر گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ پاکستان میں مداخلت اور حکومت کی تبدیلی کی سازش کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ اس موقعے پر پی ٹی آئی بیانیے کی ترویج سے متعلق خصوصی حکمتِ عملی بھی منظور کی گئی۔
پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں سرکاری افراد کیلئے ن لیگی حکومت کے جھوٹے پراپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کی حکمتِ عملی بھی تشکیل دی گئی۔ خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان مختلف جلسے جلوسوں میں موجودہ ن لیگی حکومت کو بیرونی سازش کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ملک میں عام انتخابات کا بارہا مطالبہ کرچکے ہیں۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ انتخابات ہی سیاسی بحران کا واحد حل ہیں۔