اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے 30اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی بار نیشنل الیکٹریکل وہیکل پالیسی ، سید علی جاوید ہمدانی کو سی ای او نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی ،ڈریپ کے ڈائریکٹر بجٹ اور اکاؤنٹس اظہر علی کے خلاف انضباطی کاروائی کیلئے وفاقی سیکریٹری احمد نواز سکھیرا کو مجاز افسر تعینات اور ڈی جی رینجرز پنجاب کی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے ۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اپوزیشن نظام میں اصلاحات نہیں چاہتی،انکا مفاد موجود نظام سے وابستہ ہے، نواز شریف کی صحت پر بورڈ بن چکا ،نواز شریف جس مرضی ہسپتال سے علاج کروا لیں۔
وزیراعظم عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں منتقل نہیں ہوئے نہ ارادہ ہے ،وزیراعظم ملک میں سیاحت کے فروغ کا عزم رکھتے ہیں،کرتار پور راہداری کی تکمیل مذہبی سیاحت کی طرف ایک قدم ہے،گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کیلئے پاسپورٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے،کرتار پور سے 5ہزار سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔
مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ کا نیب قوانین اور بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ میں ترامیم کا فیصلہ
وزیراعظم عمران خان ویزا پالیسی میں مزید نرمی کے خواہاں ہیں، وزیراعظم ہر وزارت کی کارکردگی کا خود جائزہ لیں گے اور تمام فیصلوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی ۔
منگل کو معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کے زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا،وزیراعظم نے وزراء اور محکموں کو آئندہ تین ماہ کیلئے روڈ میپ دیا۔
انہوں نے کہاکہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ کے پروگرامز کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سخت محنت کی ہدایت کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ روزگار کے لیے نئے مواقع اور پالیسی ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ہر وزارت کی کارکردگی کا خود جائزہ لیں گے،تمام فیصلوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم تمام سیکرٹریز کو بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے معیشت کی گاڑی کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں جو موجودہ کی کامیابی کی علامت ہے،حکومت نے اصلاحات کا مشکل مرحلہ طے کر لیا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ عوام کا اصلاحاتی پروگرام کی وجہ سے اعتماد بحال ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اصلاحاتی ایجنڈے سے پیچھے نہ ہٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ چیلنجز پر قابو پا کر آگے بڑھنا ہے اور چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنا ہے ،تمام مثبت معاشی اشاریے اس بات کے گواہ ہیں کہ حکومت کی سمت درست ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سوشل میڈیا پر موجود وفاقی کابینہ کی تبدیلی کی فہرست میں کوئی صداقت نہیں،نعیم الحق