اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو این آر او 2 دیا گیا تو پوری قوم کو سڑکوں پر لاؤں گا۔
ٹوئٹر اسپیس سیشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کبھی افواج پاکستان کے خلاف بات نہیں کی ،فوج ملک کے لیے میری جان سے زیادہ اہم ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے 26 سال مافیا کے خلاف سیاسی جدوجہد کی اور جب میں نے منظم تبدیلی کی کوششیں شروع کیں تو شوگر مافیا سمیت کرپٹ مافیا میرے خلاف اکٹھا ہو گیا اور اب یہ لوگ ملک پر مسلط ہیں جو کرپشن میںملوث تھے۔
عمران خان نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں ہمیں اپنے اتحادیوں کی بلیک میلنگ کا سامنا کرنا پڑا اور قوم سے اپیل کی کہ وہ اگلے عام انتخابات میں انہیں دو تہائی اکثریت سے منتخب کریں۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے غیر ملکی سازش کو محسوس کر لیا ہے جس کی وجہ سے حکومت تبدیلی ہوئی۔غیر ملکی سازشیں اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتیں جب تک انہیں میر جعفر جیسے اندرونی عناصر کی مدد حاصل نہ ہو۔
عمران خان نے کہا کہ زرداری مافیا نے سندھ کے عوام کو اپنا غلام بنا رکھا ہے اور اس مافیا کو شکست دینے کے لیے دیہی سندھ میں بھرپور انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی آج لاہور میں مینار پاکستان پر ایک اور عوامی جلسہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ پشاور اور کراچی میں بڑے پاور شوز کے بعد پی ٹی آئی کا یہ تیسرا عوامی جلسہ ہے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بدھ کے روز کہا تھا کہ درآمد شدہ حکومت ملکی حالات کو سنبھالنے سے قاصر ہے۔ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے۔
مزید پڑھیں:سیکورٹی خدشات، عمران خان کو لاہور جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کا مشورہ