اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے تحریک پر دستخط کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی نے 100 سے زائد اراکین کے دستخطوں کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کروا دی۔ قاسم سوری پر ایوان چلانے میں آئین شکنی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کہیں نہیں جارہے۔پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
تحریکِ عدم اعتماد میں ڈپٹی اسپیکر پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ قاسم سوری نے ایوان کو چلاتے ہوئے آئین کی پاسداری نہ کرتے ہوئے قانون شکنی کی اور اسمبلی قواعد کی بھی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔ سیکریٹری قومی اسمبلی کو تحریکِ عدم اعتماد موصول ہوگئی۔
عدم اعتماد کی تحریک جمع کرانے والے اپوزیشن اراکین کا کہنا ہے کہ قاسم سوری نے 3 اپریل کو آئین اور قانون کے خلاف رولنگ دی۔ ڈپٹی اسپیکر مکمل طور پر جانبدار ہیں اور اس عہدے کے اہل نہیں۔ ایوان چلانے کے حوالے سے متعلقہ شقوں کی خلاف ورزی کی گئی۔
اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریکِ عدم اعتماد کے متن میں کہا گیا ہے کہ قاسم سوری نے خلافِ آئین رولنگ دی جسے سپریم کورٹ نے مسترد کردیا۔ انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔ 100 سے زائد اراکینِ قومی اسمبلی نے تحریکِ عدم اعتماد کی حمایت کا اعلان کردیا۔