کراچی :گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سپریم کورٹ کے فیصلے پرکہا ہے کہ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ایسے فیصلے کی توقع نہیں تھی۔
مقامی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا ہے۔ ہم شواہد کو دیکھیں گے اور خط کو فیصلے کا حصہ بنائیں گے۔
عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ یہ پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سازش ہے، یہ قطری خط نہیں ہے، پاکستان کو حکومت کی تبدیلی کی دھمکی دی گئی ہے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہم الیکشن کے لیے پوری طرح تیار ہیں، اپوزیشن خود فوری الیکشن کا مطالبہ کر رہی تھی اور اب بھاگ رہی ہے، سندھ ہاؤس میں جو کچھ ہو رہا تھا وہ غیر آئینی تھا، سندھ ہاؤس میں ضمیر بیدار کرنے کی مشین لگائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے سے بے یقینی کی صورتحال بڑھے گی، بہتری نہیں آئے گی، سیاسی محاذ آرائی شدت اختیار کرے گی، معیشت ہل سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:فواد چوہدری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو افسوس ناک فیصلہ قرار دے دیا