لاہور: پاکستان میں رمضان المبارک کے پہلے روزے کے حوالے سے رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے ممکنہ تاریخ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلاروزہ اتوار 3 اپریل کو ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نئے چاند کی پیدائش یکم اپریل کو دن 11:24 پر ہو گی، 29 شعبان 2 اپریل کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے بعدازاں پاکستان کے اکثر علاقوں میں 31 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چکی ہوگی۔
ریسرچ کونسل کے مطابق غروبِ شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق مظفر آباد، گلگت اور پشاور میں 70 منٹ، راولپنڈی ، اسلام آباد 69 ، لاہور 68 ، کوئٹہ 69 ، کراچی میں 67 منٹ ہو گا جس علاقے میں بھی مطلع صاف ہو گا جس کی وجہ سے ہلال کی رویت باآسانی ہو جائے گی اور رمضان المبارک کا آغاز اتوار 3 اپریل سے ہو گا جبکہ شوال کا چاند ہفتہ 30 اپریل اور اتوار یکم مئی کی درمیانی رات1:28 پر پیدا ہو گا۔
مزید برآں یسرچ کونسل کے مطابق یکم مئی 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی، نیز غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا درمیانی فرق 40 منٹ سے کم ہوگا لہٰذا پاکستان میں ہلال کی رویت اس شام ٹیلی اسکوپ سے بھی ممکن نہیں ہو گی۔
اس طرح ملک میں یکم شوال المکرم یعنی عید الفطر 30 روزے مکمل کرنے کے بعد منگل 3 مئی کو ہوگی۔