لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا ہے کہ غصہ، اشتعال، دھمکیاں، گالیاں، زبان درازی، گھبرا گئے ہو نا!۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹویٹ میں وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ تمہاری جماعت کے بخیے ادھڑ رہے ہیں اور اس کی ذمہ دار نہ اپوزیشن ہے اور نہ کوئی ملکی یا غیر ملکی سازش۔
مریم نواز نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے پاکستان کو تباہی و بربادی کے گڑھے میں پھینک دیا۔ چاروں طرف غربت، مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی، دہشتگردی کا راج ہے۔ قوم تمہاری نااہلیت، جہالت اور کھلنڈرے پن کی بہت قیمت ادا کر چکی ہے۔ مزید کی کوئی گنجائش نہیں۔
مریم نواز کا اپنے ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ اپنی ناکامیوں کا الزام اپوزیشن کو دو نہ دوسرے ممالک کو۔ سازش کا واویلا کر کے تم قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ جس شخص کو تاریخ کا علم ہو نہ جغرافیہ کا، جسے خارجہ پالیسی کا پتہ ہو نہ سفارتی تعلقات کا، جسے حکومت چلانا آیا ہو نہ عوام کے مسائل حل کرنا، وہ وہی کچھ کرسکتا تھا جو تم نے پونے چار سالوں میں کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آنکھیں کھول کے دیکھو، تمہاری جماعت کے بخیے ادھڑ رہے ہیں اور اس کی ذمہ دار نا اپوزیشن ہے اور نا کوئی ملکی یا غیر ملکی سازش۔ اس کے ذمہ دار آپ خود ہیں، آپ کی گندی زبان ہے، آپ کا تکبر اور غرور ہے اور اپنے ممبران کو احترام نہ دینا ہے۔ اب بہت دیر ہو چکی۔ آپ کی خالی دھمکیاں اب کسی کام کی نہیں۔
مزید پڑھیں: سیاسی پارہ ہائی، ایم کیو ایم وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات