اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیم کے شعبہ میں باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اشتراک سے تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔
برطانیہ پاکستان میں تعلیم کے شعبہ میں10ملین پاؤنڈ خرچ کررہاہے جو ایک خوش آئندہ اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں’’پاکستان یو کے ایجوکیشن گیٹ وے ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود، برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر، برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو سکاٹ میکڈونلڈ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سمیت ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔
صدر مملکت نے کہاکہ برطانیہ کے تعلیمی اداروں میں 6 ہزار سے زائد پاکستانی زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم کے شعبہ میں تعاون پر برطانوی حکومت، برٹش کونسل اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ پاکستان کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ برٹش کونسل پاکستان میں تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان میں تحقیق کے حوالے سے زیادہ وسائل صرف نہیں ہورہے ہیں، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان صحت اور تعلیم کے شعبہ میں باہمی تعاون خوش آئند اقدام ہے، ’’الیف اعلان پروگرام‘‘ نے تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی آنے کے باوجود کتب کی اہمیت کم نہیں ہوئی ہے، نوجوان خود کو ہنر مند بنائیں ، نوکریاں ان کے انتظار میں ہیں، دنیا کو آئی ٹی کے شعبہ میں کروڑوں افراد کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ تحقیق کے لئے ڈیٹا بڑی اہمیت کا حامل ہے، ہماری آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، حکومتی اقدامات کے نتیجے میں 22 لاکھ بچوں نے ڈیجیٹل سکلز کی تربیت حاصل کی ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیم کے شعبہ میں اشتراک اور پاکستانی طلبہ کو تحقیق کے مواقع دینے کے نتیجے میں دونوں ملکوں میں باہمی تعاون کے نئے راستے کھولے گا۔
انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر عورتوں کو بااختیار اور معاشی طور پر مضبوط نہیںبنایا جاسکتا۔ وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے اپنے خطاب میں تقریب کے ایوان صدر میں انعقاد پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ایوان صدر کو ’’ایسٹ آف لرننگ‘‘ بنادیا ہے۔
مزید پڑھیں:عالمی بینک کا افغانستان کو امدادی رقم دینے کا اعلان