سینیٹر رحمان ملک کا انتقال، صدرِ مملکت اور وزیر اعظم کا اظہارِ تعزیت

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سینیٹر رحمان ملک کا انتقال، صدرِ مملکت اور وزیر اعظم کا اظہارِ تعزیت
سینیٹر رحمان ملک کا انتقال، صدرِ مملکت اور وزیر اعظم کا اظہارِ تعزیت

اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وزیر داخلہ اور سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدرِ پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ پیغام کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

سابق وزیر داخلہ رحمان ملک علالت کے باعث انتقال کر گئے

ٹوئٹر پیغام کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پی پی پی سینیٹر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے رحمان ملک کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار اور مرحوم کیلئے دُعائے مغفرت کی۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے بھی سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وفاقی وزیرِ داخلہ رحمان ملک علالت کے باعث انتقال کر گئے۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک اسلام آباد کے پرائیویٹ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

 سینیٹر رحمان ملک کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت نکلا تھا۔ گزشتہ کچھ دنوں سے وائرس کے باعث پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما رحمان ملک کے پھیپھڑے متاثر ہوئے۔

رحمان ملک نے 25 مارچ 2008 سے 16 مارچ 2013 تک وزیر داخلہ کی حیثیت سے ملک و قوم کی خدمت کی۔ اپوزیشن رہنما کی حیثیت سے انہوں نے میثاقِ جمہوریت میں اہم کردار ادا کیا۔

Related Posts