لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے دو سابق کپتانوں شاہد آفریدی اور انضمام الحق نے آسٹریلین کرکٹر جیمز فالکنر کے الزامات کی سختی سے مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جیمز فالکنر کے بے بنیاد الزامات کے باعث پی ایس ایل کھیلنے پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی۔ سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ الزام تراشی میں ملوث ہر کھلاڑی کے خلاف سخت ایکشن لینا ہوگا۔ جیمز فالکنر نے غلط حرکت کی جس سے پی سی بی کو نمٹنا چاہئے۔
جیمز فالکنر کی پی ایس ایل میں شرکت پر تاحیات پابندی عائد
سابق چیف سیلیکٹر پی سی بی انضمام الحق نے کہا کہ کوئی پاکستانی کھلاڑی اگر کسی دوسرے ملک میں ایسے الزامات عائد کرتا تو سخت ایکشن لیا جاتا۔ شاہد آفریدی نے بھی الزامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کو ادائیگیوں میں تاخیر کبھی نہیں ہوئی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ فالکنر نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے اور ہماری مہمان نوازی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ پی ایس ایل کے خلاف بولنے کی اجازت کسی کو نہیں ہونی چاہئے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق آل راؤنڈر نے پی سی بی پر الزامات عائد کیے تھے۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی جیمز فالکنر کا کہنا تھا کہ مجھ سے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ میں اپنے پورے وقت کیلئے یہاں موجود رہا ہوں لیکن بورڈ نے مجھ سے مسلسل جھوٹ بولا، اس کی وجہ سے میں دلبرداشتہ ہو کر پی ایس ایل چھوڑ رہا ہوں۔