کراچی:وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ڈاکٹر سارہ گل نے ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے مظلوم طبقے کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے خواجہ سراؤں کو ان کا حق دینے کے لئے نہ صرف بلدیاتی قانون میں ہر یوسی میں ان کی ایک نشست مخصوص کی ہے بلکہ سرکاری ملازمتوں میں خواجہ سراؤں کو نصف فیصد کوٹہ بھی مختص کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ڈاکٹر سارہ گل سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
سعید غنی نے سارہ گل کو پہلی خواجہ سرا ڈاکٹر بننے پر مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ آپ نے ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اور مظلوم طبقے کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ خواجہ سرا اس معاشرے کا حصہ ہیں لیکن افسوس کہ ہمارے معاشرہ ان کو وہ عزت و مقام نہیں دے سکا جس کے وہ حقدار ہیں۔
مزید پڑھیں:سارہ گل پاکستان کی پہلی ٹرانس جینڈر ڈاکٹر بن گئیں