واشنگٹن: امریکی صدر نے یوکرائن پر ممکنہ حملے کے خدشے کے پیشِ نظر روس کو دھمکی دی ہے، جو بائیڈن نے کہا کہ اگر ولادی میر پیوٹن نے حملے کا حکم دیا تو روس بھی تباہی کیلئے تیار رہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی دارالحکومت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ روسی صدر ولاوی میر جنگ چاہتے ہیں، اس پر یقین نہیں رکھتا تاہم انہوں نے ایسی صورتحال پیدا کی ہے جس سے خطہ جنگ کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔
طالبان حکومت کا اسلامی ممالک سے افغانستان کو تسلیم کرنیکا مطالبہ
پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ میرا اندازہ ہے کہ روس جنگ کی طرف بڑھے گا، کیونکہ روس امریکا اور نیٹو کو جانچنے کیلئے اہم حملے سے کم کسی جارحیت کی منصوبہ بندی کرسکتا ہے۔ اگر حملہ کیا گیا تو یہ روس کیلئے تباہی کا باعث ہوگا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ہمارے اتحادی اور شراکت دار روس اور روسی معیشت پر سخت پابندیاں عائد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ صدر جو بائیڈن کو امریکی سیاستدانوں کی جانب سے روس پر مؤقف کیلئے سخت تنقید کا سامنا ہے۔
ری پبلکن پارٹی کے اراکینِ پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ جو بائیڈن نے روسی فوجیوں کے حملوں پر جارحانہ ردِ عمل نہیں دیا۔ جو بائیڈن کی بزدلی نے ولادی میر پیوٹن کو حوصلہ دیا اور اب وہ یوکرین پر حملہ کرنے کیلئے گرین سگنل دے رہے ہیں۔