کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے آفتاب صدیقی پارلیمانی سیکرٹری کے عہدے سے مستعفی ہوگئے، انہوں نے ایک روز قبل وفاقی وزیر حماد اظہر کو شکایتی خط لکھا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لکھے گئے خط میں انہوں نے ملک میں اور خصوصاً اپنے حلقے میں گیس بحران پر حماد اظہر کے رویے کو انتہائی شرمناک قرار دے دیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے وفاقی وزیر حماد اظہر کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے حلقے میں گیس کی سپلائی میں کمی کے علاوہ گیس کم پریشر میں آ رہی ہے اور پائپ لائنوں سے مسلسل گیس کا رساؤ ہورہا ہے،جو رہائشیوں کے لیے ایک خطرہ ہے۔
خط میں اُن کا کہنا تھا کہ ایس ایس جی سی وعدوں کے باوجود ان پرانی اور زنگ آلود پائپ لائنوں کو تبدیل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”وزیر صاحب، میں کئی دنوں سے آپ کو آپ کے نمبر پر کال اور پیغامات بھیج رہا ہوں لیکن آپ کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا“۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ میرے لئے قابل احترام ہیں مگر آپ کا یہ رویہ افسوسناک ہے، اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اس کے باعث بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا جیسا کہ خیبر کے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں دیکھا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: حلقے میں گیس کی قلت،پی ٹی آئی ایم این اے نے حماد اظہر کو خط لکھ دیا