شاہراہ فیصل تھانے کے اہلکار کا ایس ایس پی کے احکامات ماننے سے انکار

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

شاہراہ فیصل تھانے کے اہلکار کا ایس ایس پی کے احکامات ماننے سے انکار
شاہراہ فیصل تھانے کے اہلکار کا ایس ایس پی کے احکامات ماننے سے انکار

کراچی: شاہراہ فیصل تھانے میں غیر قانونی طورپر ڈیوٹی انجام دینے والا کانسٹیبل محمد جاوید عرف منشی سادہ لباس میں تھانے میں اپنا نیٹ ورک چلانے لگا۔

گلشن اقبال تھانے میں ڈیوٹی کرنے بجائے شاہراہ فیصل تھانے میں ایس ایچ او راناحسیب کی وجہ سے انٹری پرتعینات ہے، جس نے ایس ایچ او اور ایس ایس پی کے نام کی بیٹ جمع کرنے اور ریڈکرنے اور کانسٹیبل اور لیڈی اہلکاروں کی من پسند ڈیوٹیاں لگانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

سروے کے مطابق ضلع شرقی کے اہم تھانے شاہراہ فیصل کے ایس ایچ اورانا حسیب نے ایس ایس پی کے احکامات کے برعکس کانسٹیبل محمد جاوید کو انٹری پر اہم ذمہ داریاں دی ہوئی ہیں، جبکہ کانسٹیبل محمد جاوید منشی کی شاہراہ فیصل تھانے میں تاحیات پوسٹنگ پر پابندی عائد ہے۔

10جون 2021کو ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی نے آرڈر نمبر No.SSP/EAST/EO-I/21-7360-65 جاری کیا تھا جس میں ایس ایس پی نے حکم دیا کہ کانسٹیبل،نمبر 34823، محمد جاوید کی ٹرانسفر مبینہ ٹاؤن تھانے میں کی جارہی ہے اور شکایات کی وجہ سے آئندہ محمد جاوید کی تعیناتی کبھی بھی شاہراہ فیصل تھانے میں نہیں کی جائے گی۔

 

اس لیٹر کی کاپی ایس ایس پی گلشن،سہراب گوٹھ ڈویژن،ایس ڈی پی اوزسچل شاہراہ فیصل سب ڈویژن ضلع شرقی، آفس سپرٹینڈنٹ ضلع شرقی، ایس ایچ او شاہراہ فیصل،ایس ایچ او سچل، اکاؤنٹنٹ HRMISاور ڈی او بی کلرک کے علاوہ ضلع شرقی کے متعلقہ افسران کو بھیجی گئی تھی۔ جس کے باوجود شاہراہ فیصل تھانے کے ایماندار کہلوانے والے ایس ایچ او راناحسیب نے محمد جاوید کو تھانے میں انٹری پر تعیناتی دیکر بھتہ جمع کرانا شروع کردیا ہے۔

تھانہ شاہراہ فیصل کی حدود میں آنے والے بعض گیسٹ ہاؤسز، رات کو سڑک، فٹ ہاتھ اور گرین بیلٹ پرتجاوزات قائم کرکے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے علاوہ غیر اخلاقی سرگرمیوں کے اڈوں سے بڑی مقدار میں یومیہ بھتہ جمع کرنے کا اصل سرغنہ جاوید منشی ہے،جو تھانے میں تعینات لیڈی پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کرتا ہے اور رات گئے ریڈکے وقت خواتین اہلکاروں کے گھروں میں پہنچ کرانہیں ریڈ پر جانے کے لئے اچانک احکامات صادر کرتا ہے۔

تھانے کے سروے میں معلوم ہوا ہے کہ محمد جاوید کی آئی آر میں بھی اس کی غیر اخلاقی سرگرمیوں کا ذکر موجود ہے، جب کہ تھانے میں غیر قانونی طور پر تعینات جاوید عرف منشی نے اسپیشل پارٹی بھی بنا رکھی ہے جو مبینہ طو رپر رشوت لیکر ریڈ کرتا ہے، منع ہونے کے باوجودوردری کے بجائے عام لباس میں ملبوس ہو کر تھانے میں کانسٹیبل، لیڈی پولیس کانسٹیبل (ایل پی سی)کی ڈیوٹیاں لگاتاہے،جس کی وجہ سے خواتین نے متعدد شکایات بھی کی ہیں۔

واضح رہے کہ ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن کے احکامات کے مطابق کسی بھی تھانے میں سادہ لباس اہلکار ڈیوٹی انجام نہیں دیں گے،اسپیشل پارٹی بھی نہیں چلائی جائے گی اور انٹری پر کسی بھی اہلکار کو ڈیوٹی نہیں کرنے دی جائے گی، جس کے باوجود شاہراہ فیصل کے ایس ایچ او نے بیٹ جمع کرنے کی وجہ سے کرپٹ اہلکار کو ایس ایس پی کے حکم کے باوجود تھانے سے ریلیو نہیں کیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں گاڑی اور موٹر سائیکل کا تصادم، 2خواتین سمیت 3افراد جاں بحق

اس حوالے سے ایس ایچ او رانا حسیب سے کانسٹیبل محمد جاوید کی انٹری پر تعیناتی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ محمد جاوید ایس پی کمپلین برانچ میں ہے، رانا حسیب کے مطابق محمد جاوید کانسٹیبلز کی ڈیوٹیاں ان کے ہی کہنے پر لگاتا ہے، یا اگر کسی ایس ایس پی نے محمد جاوید کی تعیناتی کہیں اور کی ہے تو یہ ہمارا انٹرنل معاملہ ہے اس کو میڈیا سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

Related Posts