کراچی:بورڈآف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے گریڈ17 کے پی آر او کو گریڈ19کا سیکرٹری مقررکردیا ہے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نان کیڈر افسر کی تعیناتی کیڈر پوسٹ پر کی گئی ہے۔
بورڈآف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن نمبر NO.BIE/CHAIRMAN/678/2021کے مطابق محکمہ بورڈ ز اینڈ جامعات کے سیکشن افسر کے جاری کردہ لیٹر نمبر No.SO(B)U&B/SECY-COE/2019کے مطابق محمد کاشف صدیقی ڈائریکٹر پبلک ریلیشن اینڈانفارمیشن گریڈ(19)کو سیکرٹری بورڈ تعینات کیا گیا ہے،جن کو ڈی ڈی او کے اختیارات بھی دیئے گئے ہیں۔
بورڈ کے کوڈ اور ایس این ای میں پی آر او کی کوئی اسامی نہیں ہے،جب کہ ایم کیو ایم کی ایما پر کاشف صدیقی کو گریڈ 17میں پی آر او بھرتی کیا گیا تھا جو نان کیڈر اسامی ہے، جس کے باوجود نان کیڈر اور نان پروموشن پوسٹ پر کاشف فاروقی کا ترقی دیکر گریڈ 19میں ڈائریکٹر پبکا ریلیشن اینڈانفارمیشن بنادیا گیا۔
محمد کاشف صدیقی انٹر بورڈ میں بھرتی ہونے کے بعد مختلف محکموں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ہوتے رہے ہیں جن میں گورنر ہاؤس، محکمہ اینٹی کرپشن،صوبائی محتسب، محکمہ داخلہ شامل ہیں جب کہ سابق چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ امیر مسلم ہانی کے تاریخ ساز فیصلے کے بعد ڈیپوٹیشن سے محمد کاشف صدیقی کے علاوہ دیگر تمام افسران کو بھی واپس انٹر بورڈ بھیجا گیا تھا،جس کے بعد گزشتہ 8برس بورڈ میں تعیناتی کے باوجود بھی کاشف صدیقی ڈیوٹی سے غائب رہے ہیں۔
موجودہ چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین شیخ نے کاشف صدیقی کو بورڈ میں ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی سختی سے ہدایات کیں، جس کے بعد ان کو سیکرٹری کے امور انجام دینے کا عارضی چارج دیا گیا تھا جس کے بعد کاشف صدیقی کے لئے خود ہی سیکرٹری بورڈ اینڈ جامعات کو سفارش بھیجی گئی جس کے بعد سیاسی اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے سیکرٹری کے عہدے پر تعیناتی کرالی ہے۔
مزید پڑھیں: جامعہ ہری پور کے خلاف ضابطہ تعینات رجسٹرار کی جعل سازیوں کا انکشاف