اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت 7 ویں مردم و خانہ شماری سے متعلق اجلاس میں مردم شماری 2022ء کے حوالے سے تیسری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں شرکاء کو مردم شماری کے ورک پلان اور پیش رفت پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ بتایا گیا کہ عام انتخابات 2023ء کی حلقہ بندیوں کے پیش نظر مردم و خانہ شماری کی ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی چیلنجنگ ٹائم لائنز کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف قومی اداروں کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے۔
بتایاگیاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی مشاورتی ملاقاتیں اور تمام اہم تیاریاں مارچ 2022ء کے آخر تک مکمل کر لی جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مردم شماری کی آگاہی کے لئے ہر صوبائی ہیڈ کوارٹر میں سیمینار منعقد کئے جائیں، وقت کی پابندی کے ساتھ خدمات کے معیار کو بھی ذہن میں رکھنا چاہیے۔
مزید پڑھیں:مردم شماری پر تحفظات، کیاسندھ میں بلدیاتی انتخاب نہیں ہونگے ؟