سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں ایک فیصلہ کُن وقت ہے ایک امپوٹڈ حکومت بیرون ملک سازش کے تحت پاکستان پر مسلط کی گئی، ہم نے اس سازش کو ناکام بنانا ہے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ میں آج یہاں آپ سب کو اسلام آباد کی کال دینے آیا ہوں، لیکن اس قبل آپ نے گلی محلے میں نکل کر لوگوں کو تیار کرنا ہے تاکہ ہم حقیقی آزادی حاصل کر سکیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، بیرون ملک سازش کے تحت نوازشریف، شہباز شریف، اور زرداری جیسے ڈاکوؤں کو ہمارے سروں پر بٹھادیا گیا، 30 سال سے یہ ڈاکو ملک کا پیسہ چوری کر رہے ہیں، باہر انہوں نے اپنے بڑے بڑے محل بنا رکھے ہیں، یہ لوگ ملک کو لوٹنے کے لئے پاکستان آتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان بننے کے بعد یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم اور فیصلہ کن وقت ہے، میں اپنی قوم کو اسلام آباد لے کر آونگا اور سازش کرنے والے امریکا کو یہ پیغام دوں گا یہ ایک آزاد ملک ہے، یہ کسی کی کٹھ پتلی نہیں ہے۔
انہوں نے کہ ہم پاکستانی سوائے اللہ کے کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے، میر جعفر اور میر صادق کے ساتھ مل کر جو حکومت بنائی گئی ہے اس حکومت کو ہم کبھی قبول نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کیخلاف ملک گیر احتجاج