کراچی میں کے الیکٹرک کی طرف سے سپریم کورٹ احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ہے، شہرِ قائد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 10 گھنٹے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے سپریم کورٹ احکامات نظر انداز کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ شروع کر رکھی ہے جن میں لانڈھی، کورنگی اور شاہ فیصل کالونی شامل ہیں۔
لانڈھی میں 3 میں 3 بار ڈھائی ڈھائی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کے بعد رات 12 بجے کے بعد سے صبح 9 بجے تک 2 سے 3 مرتبہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بلا تعطل جاری ہے جس پر نیپرا کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے۔
ادھر کورنگی کے مختلف سیکٹرز میں دوپہر 12 بجے سے لے کر رات 8 بجے تک طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ کے بعد بجلی کی سپلائی دوبارہ معطل کردی گئی۔ 12 بجے دوپہر بند ہونے والی بجلی رات 8 بجے بحال ہوئی۔
کورنگی میں رات 8 بجے بجلی کی بحالی کے بعد ایک بار پھر رات 11 بجے کے وقت لوڈ شیڈنگ کی گئی جبکہ کے ای ہیلپ لائن 118 پر کال کرنے پر لوڈ شیڈنگ کی تردید کرتے ہوئے یہ ظاہر کیا جاتا ہے کہ یہ فنی خرابی ہے۔
دوسری جانب مخصوص اوقات میں یومیہ بنیاد پر بجلی کی بندش سے واضح ثبوت ملتا ہے کہ لوڈ شیڈنگ عدلیہ کو دھوکہ دے کر جاری رکھی جارہی ہے جس میں نیپرا کا ادارہ برابر کا شریک نظر آتا ہے۔
ادھر وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ منتخب نمائندے بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف آواز اٹھانے کو تیار نہیں۔ لوڈ شیڈنگ کا تمام علاقوں پر یکساں اطلاق نہیں کیا جارہا بلکہ کے الیکٹرک نے مخصوص علاقوں کو نشانہ بنالیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیپرا کا ایکشن، کے الیکٹرک کے خلاف رپورٹ جمع کرادی